شہدا ء کی جرات اور قربانیاں کشمیریوں کو تحریک دلاتی رہیں گی، میر واعظ

اتوار 13 جولائی 2025 13:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے 13جولائی 1931کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جرات اور قربانیاں کشمیریوں کو تحریک دلاتی رہیں گی اور وہ ہمیشہ ان کو خراج عقیدت پیش کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جو مسلسل تیسرے روز بھی گھر میں غیر قانونی طور پر نظربند ہیں، آج سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کشمیر اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے لئے انصاف کے حصول، اپنے حقوق اور امنگوں کی تکمیل اور ظلم کے خلاف دی گئی قربانیوں کی دردناک داستان کا گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ 13جولائی 1931کے شہدا ء نے اس وقت کے حکمرانوں کے ظلم و ستم کے سامنے کھڑا ہوکر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

آج کشمیر انہیں یاد کرتا ہے اور ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔میرواعظ نے کہاکہ ہمیں جیلوں میں ڈالا جا سکتا ہے یا نظر بند کیا جا سکتا ہے ،سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا سکتی ہیں اور شہدا کے قبرستانوں کو سیل اور بلاک کیا جا سکتا ہے، لیکن شہداء ہمارے دلوں اور ہماری یادوں میں زندہ ہیں اور نسل در نسل زندہ رہیں گے۔