عشرہ محرم الحرام کے دوران مثالی انتظامات، امن کمیٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سرگودہا کو خراجِ تحسین

اتوار 13 جولائی 2025 14:10

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع سرگودہا میں مثالی امن و امان، بہترین انتظامی اور سیکورٹی اقدامات پر امن کمیٹی کے ارکان نے ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں گلدستہ پیش کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد صہیب اشرف کی نمائندگی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فضل قادر نے کی، جنہیں امن کمیٹی کی جانب سے گلدستہ پیش کیا گیا۔

تقریب میں امن کمیٹی کے ارکان نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو ، بلدیاتی اداروں، میڈیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرزکےمابین مربوط رابطہ کاری اور بھرپور تعاون کو سراہا جس کے باعث ضلع بھر میں تمام مجالس اور جلوس پرامن ماحول میں منعقد ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران امن و امان کے قیام میں علمائے کرام نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ امن کمیٹی کے ارکان نے ہر تحصیل میں جا کر فعال کردار ادا کیا، چھوٹے موٹے تنازعات کو موقع پر حل کروایا اور بین المسالک ہم آہنگی کی شاندار مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس،ریسکیوودیگر ادارے دن رات متحرک رہے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن سہولیات میسر رہیں۔ ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فضل قادر نے کہا کہ سرگودہا میں بین المذاہب ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی تعاون کی جو فضا قائم کی گئی وہ مثالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں اور طبقات نے مل کر امن کے قیام کو یقینی بنایا جو لائق تحسین ہے۔ تقریب کا اختتام دعا? خیر اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اجتماعی دعا پر ہوا۔