اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپلیکیشن بروقت اور شفاف میٹر ریڈنگ کی طرف ایک سنگ میل ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو

اتوار 13 جولائی 2025 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد نعیم جان نے کہا کہ حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) نے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی پاور سمارٹ ایپلی کیشن اپنا میٹر اپنی ریڈنگ کا آغاز کیا ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنا میٹر اپنی ریڈنگ پاور سمارٹ ایپلی کیشن بجلی کے صارفین کو بجلی کی بلنگ کے عمل میں براہ راست شامل ہونے کی اجازت دے گی۔

اس پاور سمارٹ ایپلی کیشن کو استعمال کرکے اب صارف ہر ماہ مقررہ تاریخ اور وقت پر اپنے میٹر کی ریڈنگ لے کر اسے آئیسکو کو بھیج سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزارت توانائی پاور ڈویژن کا یہ اقدام بروقت غلطی سے پاک اور شفاف میٹر ریڈنگ کی طرف لے جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس ایپلی کیشن کا مقصد میٹر ریڈرز کی وجہ سے ہونے والی غلط اور تاخیر سے میٹر ریڈنگ کو ختم کرنا اور صارفین کو بلنگ کے عمل میں بااختیار بنانا ہے اور انہیں اس قابل بنانا ہے کہ وہ اپنے بجلی کے استعمال اور ان کے بجلی کے بل پر کڑی نظر رکھ سکیں۔

محمد نعیم جان نے کہا کہ فیلڈ فارمیشنز کو ضروری تربیت اور ہدایات دی گئی ہیں اور اس پاور سمارٹ ایپلی کیشن کو گوگل پلے سٹور اور ایپ سٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے ایس ڈی او، ریونیو دفاتر اور کسٹمر کیئر سینٹرز سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔