ں* خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام چترال میں ٹریننگ کیمپ کا انعقاد

اتوار 13 جولائی 2025 18:15

ب*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2025ء) خیبرپختونخوالیکروس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام لوئر چترال میں لیکروس ٹریننگ کیمپ کا کامیاب انعقاد کیاگیا جس میں بیس سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا،اس موقع پر چترال لیکروس ایسوسی ایشن کے صدر ریاض رئیس مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ سیکریٹری نوابزادہ, حسنین خان ملاکنڈ لیکروس ایسوسی ایشن سمیت مقامی کھیلوں کے شوقین افراد نے بھی شرکت کی اور چترال میں لیکروس کھیل کے آغاز کو خوش آئند قرار دیا۔

خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے صدر سید سالار جہان کی خصوصی ہدایات پر ضلع اسپورٹس آفیسر لوئر چترال محمد خالد خان کے تعاون سے ایک لیکروس کلینک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد چترال میں اس نئے کھیل کی بنیاد رکھنا تھا۔

(جاری ہے)

اس ورکشاپ میں 20 نوجوان کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جنہیں لیکروس کے بنیادی اصول، تکنیکس اور کھیلنے کے طریقے سکھائے گئے۔

تربیت میں اسٹک ہینڈلنگ، پاسنگ، کریڈلنگ، شوٹنگ، اور ٹیم ورک جیسے بنیادی پہلوؤں پر عملی مشقیں کروائی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر محمد خالد خان نے لیکروس ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہا اور چترال میں لیکروس کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے آئندہ بھی تربیتی کیمپوں اور چیمپئن شپ کے لیے سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

اس موقع پر لیکروس اسٹکس ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر کو پیش کی گئیں تاکہ علاقے میں باقاعدہ لیکروس سرگرمیوں کا آغاز کیا جا سکے۔ یہ کلینک خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے اس منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت صوبے کے تمام اضلاع میں لیکروس کو متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن آئندہ بھی ضلعی سطح پر باقاعدگی سے کلینکس، چیمپئن شپس، اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کا انعقاد کرتی رہے گی تاکہ پاکستان میں لیکروس کو فروغ دیا جا سکے۔