وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شہید نوابزادہ میر سراج رئیسانی کو خراجِ عقیدت

اتوار 13 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وطن کے عظیم سپوت شہید نوابزادہ میر سراج رئیسانی کی ساتویں برسی کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر سراج رئیسانی کی شہادت کو سات برس گزر گئے مگر ان کی قربانی آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ کل ہی کی بات ہو جب وہ بلوچستان میں پاکستان کا پرچم سربلند رکھنے کے لیے بے خوف کھڑے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ میر سراج رئیسانی ایک سچے پاکستانی، باہمت سیاسی رہنما اور جذبۂ حب الوطنی سے سرشار شخصیت تھے، جنہوں نے انتہا پسندی اور علیحدگی پسند سوچ کے خلاف ڈٹ کر آواز بلند کی۔ ان کی شہادت پاکستان دشمن قوتوں کے لیے واضح پیغام تھا کہ بلوچستان کے غیور عوام اپنے وطن کے ساتھ جینے اور مرنے کا عزم رکھتے ہیں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پاکستان سے محبت کی جو شمع شہید میر سراج رئیسانی نے روشن کی، وہ آج بھی پورے عزم کے ساتھ جل رہی ہے اور ہم اس مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن کے لیے دی جانے والی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاتیں اور میر سراج رئیسانی کی شہادت قوم کے دلوں میں ہمیشہ محفوظ رہے گی ،وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم شہداء کے مشن کو آگے بڑھائیں گے اور بلوچستان میں امن، استحکام اور پاکستانیت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھیں گے