ہم 13 جولائی1931 کے شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے،عمر عبداللہ

پیر 14 جولائی 2025 14:57

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے کہاہے کہ 13جولائی1931 کا قتل عام کشمیریوں کا جلیانوالہ باغ ہے جہاں لوگوں نے برطانوی حمایت یافتہ حکمرانی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں 13جولائی کے شہدا ئے کشمیر کی غلط تصویر کشی کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکمرانی کے خلاف مزاحمت کرنے والے حقیقی ہیروز کو اب صرف اس لئے غلط طور پر ولن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے کہ وہ مسلمان تھے۔

انہوں نے کہاکہ کتنے شرم کی بات ہے کہ برطانوی راج کے خلاف ہر طرح سے لڑنے والے حقیقی ہیروز کو آج صرف اس لیے ولن کے طور پر پیش کیا جاتا ہے کہ وہ مسلمان تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آج لوگوں کو شہدا کی قبروں پر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان شہدا کی قربانیوں کو نہیں بھولیں گے۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے رہنما اور وزیراعلیٰ عمرعبداللہ کو بھارتی فورسز نے شہدائے 13جولائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مزار شہدا نقشبند صاحب کی طرف جانے سے روک دیا تھا ۔