تنازعہ کشمیر کے حل میں کشمیریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، علی رضا سید

پیر 14 جولائی 2025 15:07

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے شہدائے 13جولائی1931 کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ ان شہداء نے اپنے خون کا نذرانہ پیش کرکے آزادی کشمیر کی تحریک کوتقویت بخشی اور کشمیری حریت پسندوں کو حوصلہ دیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضاسید نے یوم شہدا ئے کشمیرکی مناسبت سے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہاکہ تیرہ جولائی کے شہدا ء نے قربانیوں کی عظیم داستان رقم کی ہے اور ہم ان کو ہرگز فراموش نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کے تمام شہدا ء نے اپنے خون سے جدوجہد آزادی کو مستحکم کیا ہے، خاص طور پرتیرہ جولائی کے شہدا ء نے کشمیر کے آزادی پسندوں کو بھرپور عزم و ولولہ دیا ہے۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کہاکہ اگرچہ کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے لیکن جب سے مودی حکومت نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی ہے، اس وقت سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم مزید بڑھ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسزکی طرف سے نت نئے بہانوں سے کشمیریوں کو قتل اور ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور متعدد کشمیری رہنما اور انسانی حقوق کے کارکن پابند سلاسل ہیں۔انہوں نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنی قابض فوجیں مقبوضہ جموں وکشمیر سے نکالے، وہاں سے ریاستی دہشت گردی ختم کرے، خواتین کی عصمت دری اور کشمیریوں کی نسل کشی بند کرے اور کشمیریوں پر تشدد اور غیرانسانی اور ناروا سلوک سے باز آجائے۔

علی رضا سید نے ممتاز حریت رہنمائوں یاسین ملک اور شبیراحمد شاہ اور انسانی حقوق کے معروف علمبردار خرم پرویز سمیت پابند سلاسل تمام کشمیری سیاسی و سماجی رہنماوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروںکو علیل کشمیری رہنما شبیراحمد شاہ اوردیگرکشمیری رہنمائوں کی رہائی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کیا جائے اوراس تنازعے کے حل کے تمام مراحل میں کشمیریوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔