13جولائی1931 کا قتل عام کشمیریوں کا جلیانوالہ باغ ہے، عمرعبداللہ

نیشنل کانفرنس مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ظلم وستم کی ذمہ دارہے

پیر 14 جولائی 2025 15:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے رہنما عمر عبداللہ نے کہاہے کہ 13جولائی1931 کا قتل عام کشمیریوں کا جلیانوالہ باغ ہے جہاں لوگوں نے برطانوی حمایت یافتہ حکمرانی کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں 13جولائی کے شہدا ئے کشمیر کی غلط تصویر کشی کرنے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکمرانی کے خلاف مزاحمت کرنے والے حقیقی ہیروز کو اب صرف اس لیے غلط طور پر ولن کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے کہ وہ مسلمان تھے۔

انہوں نے کہاکہ کتنی شرم کی بات ہے کہ برطانوی راج کے خلاف ہر طرح سے لڑنے والے حقیقی ہیروز کو آج صرف اس لیے ولن کے طور پر پیش کیا جاتا ہے کہ وہ مسلمان تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ آج لوگوں کو شہداء کی قبروں پر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان شہداء کی قربانیوں کو نہیں بھولیں گے۔واضح رہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بظاہر نیشنل کانفرنس کی حکومت ہے اورعمرعبداللہ وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہیں لیکن اس کے کتنے اختیارات ہیں ، یہ بات گزشتہ روز واضح ہوگئی جب بھارتی فورسز نے شہدائے 13جولائی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لوگوں کو مزار شہداء نقشبند صاحب کی طرف جانے سے روک دیا اورعمر عبداللہ کی نام نہاد حکومت بے بسی کے عالم میں دیکھتی رہ گئی اورکچھ بھی نہ کرسکی۔

دراصل یہی وہ لوگ ہیں جومقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی ظلم وستم کے ذمہ دار ہیںکیونکہ انہوں نے اپنے حقیر مفادات کے لئے بھارت سے کشمیریوں کا سودا کررکھا ہے ، اسی لئے یہ ہرقسم کی توہین اورتذلیل کے باوجود اس کے کٹھ پتلی بنے رہنے پر بھی راضی ہیں۔