سرگودہا شہر کے مرکزی بازاروں کی ماڈلنگ، بجلی و سیوریج اپ گریڈیشن، فوڈ سٹریٹ کے خاتمے سے متعلق اجلاس

پیر 14 جولائی 2025 15:42

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پراجیکٹ کے تحت سرگودہا شہر کے مرکزی علاقوں گول چوک، سٹی روڈ اور کچہری بازار کی ماڈلنگ سے متعلق دو مختلف مجوزہ منصوبے پیش کیے گئے۔ اجلاس میں تمام پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور شرکانے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔

باہمی مشاورت سے ایک پلان کو غیر مشروط طور پر منظور کر لیا گیا اور ایکسین ہائی ویز کو حتمی پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ایس ای فیسکو نے اجلاس کو ان بازاروں میں بجلی کی تاروں کو انڈر گر ائونڈ کرنے کی سٹڈی پر بریفنگ دی۔ کمشنر نے ایم ڈی واسا محمد عزیز کو ان علاقوں کے سیوریج سسٹم کا تکنیکی معائنہ کرنے اور اپ گریڈیشن کے لیے سفارشات اور پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ منصوبے کو ہر پہلو سے مکمل اور پائیدار بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کمشنر سرگودہا نے انکروچمنٹ شعبہ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فٹ پاتھوں سے جو جگہ واگزار کروائی گئی ہے، وہاں دوبارہ قبضہ نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے میونسپل افسر ریگولیشن کو ہدایت دی کہ وہ اپنے فیلڈ سٹاف کو متحرک کریں اور نو ریڑھی زون میں کسی صورت ریڑھیاں دوبارہ نہ لگنے دی جائیں۔ اجلاس میں آگاہ کیا گیا کہ نو ریڑھی زون سے 160 سے زائد ریڑھیاں قبضے میں لی جا چکی ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان ریڑھیوں کو نیو ماڈل بازار پرانا پٹھ منڈی روڈ پر منتقل کیا جائے گا تاکہ شہری حدود میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ سیکرٹری آر ٹی اے نے بتایا کہ کمپنی باغ میں ماڈل ریڑھی بازار کے 63 میں سے 30 کیبن مکمل ہو چکے ہیں، باقی ایک ہفتے میں تیار ہو جائیں گے۔ پٹھ منڈی ریڑھی بازار کے 42 میں سے 35 کیبن الاٹ کیے جا چکے ہیں۔

اجلاس میں پٹھ منڈی ماڈل بازار کو فوڈ اسٹریٹ کے طور پر فعال کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ شہریوں کو تفریح، خوراک اور خریداری کی بہتر سہولیات ایک ہی جگہ میسر آ سکیں۔کمشنر سرگودہا نے سی او ایم سی ماجد بن احمد کو ہدایت دی کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر تمام اقدامات مکمل رکھے جائیں، تمام ڈسپوزل سٹیشنز ہر لحاظ سے فنکشنل ہوں اور بارش کی صورت میں ایک فون کال پر تمام فیلڈ سٹاف اور افسران موقع پر موجود ہوں۔

اجلاس میں جی پی ایچ اے محمد ارشد نے نیو پارک علامہ اقبال کالونی اور دیگر جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے پی ایچ اے کو ہدایت دی کہ پارکس میں شجرکاری، روشنی، صفائی اور تفریحی سہولیات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل کو ہدایت دی کہ تمام ماتحت دفاتر میں عوامی سہولیات جیسے بیٹھنے کی جگہ، پینے کا صاف پانی اور واش روم کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور رجسٹرار و پٹواری جیسے افسران کی سائلین تک رسائی آسان بنائی جائے، کیونکہ اکثر سائلین شکایت کرتے ہیں کہ انہیں افسران سے ملاقات میں دشواری ہوتی ہے۔اجلاس میں کمشنر نے دیہی علاقوں میں ستھرا پنجاب مہم کی ناقص کارکردگی پر ناراضی کا اظہار کیا اور سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں پر بھی مکمل توجہ دی جائے اور وہاں بھی صفائی کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈی جی پی ایچ اے محمد ارشد، ایس ای فیسکو ابرار احمد خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، ایم ڈی واسا عزیز اللہ، سی او ایم سی ماجد بن احمد، اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل، ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان، سیکرٹری آر ٹی اے ملک طاہر اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔