تمام مسلمان آپس میں بھائی چارے، ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دیں،آغا سید حسن

پیر 14 جولائی 2025 17:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے تمام مسلمانوں کے درمیان بھائی چارے، ہم آہنگی اور اتحاد کو فروغ دینے کے اپنے پختہ عزم کا اظہارکیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں جاری بیان میں کہاکہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں جہاں ہمارا مشترکہ تاریخی پس منظر اور مصائب ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں، ہم کسی بھی ایسی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں جو شیعہ سنی بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ بعض متنازعہ بیانات یا حرکات جن سے ہمارے سنی بھائیوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی، وہ نہ اسلام کی روح اور نہ ہی ہماری تنظیمات کی تعلیمات کی عکاسی کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بیانات انفرادی نوعیت کے ہوتے ہیں اور کسی مستند شیعہ پلیٹ فارم کی جانب سے ان کی تائید نہیں کی جاتی۔ ہم تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ تفرقہ انگیز بیانیے کو رد کریں اور اتحاد کی تعلیمات پر عمل کریں ۔

آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہاکہ اسلام کے دشمن ہماری تفرقہ بازی سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور ہمیں کمزور کرنے کی سازشیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم شیعہ ،سنی سمیت امت کے اتحاد کے خواہاں کشمیر کے تمام مسلمانوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بھائی چارہ قائم رکھیں، بات چیت کو فروغ دیں اور باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے ساتھ اختلافات کو حل کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان تمام افراد کے خلاف کارروائی کا اعلان کرتے ہیں جو فرقہ وارانہ، شیعہ مخالف یا سنی مخالف زبان استعمال کرتے ہیں کیونکہ یہ حرکات نہ صرف اسلام کی روح کے منافی ہیں بلکہ کشمیر میں شیعہ قیادت کی عظیم میراث سے بھی غداری ہیں۔