بیٹے کو دیکھ کر پولیس اہلکار نے معذرت کی، فخر ہے جنید نے پولیس اہلکار کو کہا کہ آپ نے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی میرا چالان کریں، مریم نواز

پولیس نے گاڑیوں کو روکا تو پچھلی گاڑی میں جنید بیٹھے تھے،پولیس اہلکار نے جنید کو کہا کہ ہم آپ سے معافی مانگتے ہیں کہ آپ کو روکا،میرے بیٹے کا جس پولیس والے نے چالان کیا میں نے اس کو فون کر کے شاباشی دی،وزیراعلیٰ پنجاب نے تقریب میں چند روز قبل اپنے بیٹے کے چالان کا قصہ سنا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 14 جولائی 2025 16:37

بیٹے کو دیکھ کر پولیس اہلکار نے معذرت کی، فخر ہے جنید نے پولیس اہلکار ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جولائی 2025)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ جنیدکو دیکھ کر پولیس اہلکار نے معذرت کی، میرے بیٹے نے اپنی سکیورٹی کی گاڑی کا چالان کرنے والے کو شاباش دی، میرے بیٹے کا جس پولیس والے نے چالان کیا میں نے اس کو فون کر کے شاباشی دی، لاہور میں پنجاب انفورسمینٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس اہلکار کی جانب سے چند روز قبل اپنے بیٹے کے چالان کا قصہ سنا دیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا ڈالا کلچر اور اسلحہ کی نمائش مجھے بالکل پسند نہیں۔ پچھلے دنوں میرا بیٹا جنید مجھے بتا رہا تھا کہ وہ اپنے گھر کی طرف آ رہا تھا اس کے ساتھ سیکیورٹی کی گاڑیاں تھیں اور اس کا ایک اپنا پروٹوکول ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس نے گاڑیوں کو روکا تو پیچھے گاڑی میں جنید بیٹھے ہوئے تھے۔پٹرولنگ پر موجود اہلکاروں نے دیکھا کہ پچھلی گاڑی میں جنید بیٹھا ہوا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میرے بیٹے جنید کو دیکھ کر پولیس اہلکار نے معذرت کی کہ ہمیں نہیں پتا تھا۔ اہلکار نے کہا کہ نہیں پتا تھا کہ گاڑی میں وزیراعلیٰ کا بیٹا بیٹھا ہوا ہے۔ پولیس اہلکار نے جنید کو کہا کہ ہم آپ سے معافی مانگتے ہیں کہ آپ کو روکا۔مریم نواز کا کہنا تھا فخر ہے کہ جنید نے پولیس اہلکار کو کہا کہ آپ نے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی۔ میرے بیٹے نے اپنی سکیورٹی کی گاڑی کا چالان کرنے والے کو شاباش دی۔

جنید نے پولیس اہلکار سے کہا کہ آپ نے مجھے روکا اور یہ آپ کی ڈیوٹی تھی میں اس کیلئے آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔آپ کریں میرا چالان۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا مجھے جب واقعے کا پتہ چلا تو میں نے بھی اس اہلکار کو فون کر کے شاباش دی۔مریم نواز نے کہاکہ میرے بیٹے کا چالان کرنے والے اہلکار کا نام شاہ زیب تھا تو میں ڈی آئی جی آپریشن کو فون کیا اور کہا کہ میری شاہ زیب سے بات کروائیں۔

میں نے اس اہلکار کو کہا کہ مجھے آپ پر فخر ہے۔ چاہے وزیراعلیٰ اور یا اس کا بیٹا یا کوئی بھی ہو، قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہو گا۔مریم نواز کایہ بھی کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کا بیٹا ہو یا کوئی اور کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ میں نے ڈالا کلچرل کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے۔مجھے شو آف پاور بالکل بھی پسند نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کا قانون ہر امیر اور غریب پر برابری کے ساتھ لاگو ہونا چاہیے، کمزور اور مظلوم کے ساتھ اب پوری ریاست کھڑی ہوگی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتِ حال دن بدن بہتر ہوتی جا رہی ہے۔ آج ملزمان قسم اٹھا کر کانوں کو ہاتھ لگا کر جرائم سے تائب ہو رہے ہیں۔