پاکستان انجینئرنگ کونسل نے کے آئی یو انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس کو بی ایس سول انجینئرنگ پروگرام شروع کرنے کے لیے این او سی جاری کردیا

پیر 14 جولائی 2025 18:18

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس نے اہم سنگ میل عبور کرلیا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے خزاں 2025 سے بی ایس سول انجینئرنگ پروگرام شروع کرنے کے لیے نان آبجکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) جاری کردیا۔ اس حولے سے کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے سول انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کیمپس پی ایس ڈی پی کے تحت 1250 ملین روپے کی لاگت سے قائم کیا گیا۔

جس میں فی الحال بی ایس پروگرامز مائننگ انجینئرنگ، سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی اور الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے پروگرام چل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت 250 سے زائد طلبہ جدید سہولیات اور صنعت کے مطابق نصاب سے مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ نئے منظور شدہ بی ایس سول انجینئرنگ پروگرام سے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ جو ٹنلنگ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، موسمیاتی لچکدار انفراسٹرکچر اور فزیکل انفراسٹرکچر کی ترقی جیسے اہم شعبوں پر توجہ دے گا۔

واضح رہے کہ یہ اقدام وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کے وژن کی تکمیل کی طرف قدم ہے جو کے آئی یو کو گلگت-بلتستان میں جدید اور پائیدار انجینئرنگ تعلیم کا مرکز بنانے کے خواہاں ہیں۔اس پروگرام سے فارغ التحصیل طلبہ خطے کے چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں سے لیس ہوں گے جو پائیدار ترقی کو فروغ دے گا۔وائس چانسلر نے اس عزم کا اظہار کیاکہ جامعہ قراقرم خطے میں تعلیم وتحقیق اور ترقی کے لیے ایک اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔