گلوبل شیپرز پشاور ہب نے عالمی اقتصادی فورم میں انوویشن پرائز 2025 جیت لیا

پیر 14 جولائی 2025 18:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) گلوبل شیپرز پشاور ہب نے جنیوا سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم میں گلوبل شیپرز انوویشن پرائز 2025 جیت کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ یہ اعزاز انہیں ان کے انقلابی کلائمٹ ٹیک منصوبے کلایمہ سینتھ (ClimaSynth) پر دیا گیا، جو پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ کلایمہ سینتھ جو کہ ایک جدید آرٹیفیشل انیٹیلیجینس پر مبنی پلیٹ فارم ہے، موسمیاتی معلومات کو سادہ انداز میں مقامی زبان میں چیٹ بوٹ، کاربن کیلکولیٹر، اور تعلیمی مواد کے ذریعے عوام تک پہنچاتا ہے۔

اس کا مقصد کمزور طبقات کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بااختیار بنانا ہے۔ شہاب الدین جو گلوبل شیپرز پشاور ہب کے کیوریٹر ہیں نے ورلڈ اکنامک فورم کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ گلوبل شیپرز اینول سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دنیا بھر سے آئے ہوئے سینکڑوں نوجوان رہنماؤں اور فورم کی امپیکٹ ٹیم کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ ’’ہم صرف موسمیاتی تبدیلی کا مسئلہ حل نہیں کر رہے، ہم اُن زندگیوں کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جو پہلے ہی خطرے میں ہیں۔

‘‘یہ منصوبہ اعزاز احمد کی قیادت میں تشکیل دیا گیا، جسے رضوان، عدنان، عبید، روحیل، اور عرفہ پر مشتمل ایک پُرعزم ٹیم نے مکمل کیا۔ اس پوری کاوش کی نگرانی کیوریٹر شہاب الدین کریں گے۔ اس عالمی اعزاز سے پاکستان کے مقامی نوجوانوں کی محنت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے، اور یہ کامیابی ملک کے دیگر موسمیاتی خطرے سے دوچار علاقوں میں ClimaSynth کو توسیع دینے کی راہ ہموار کرے گی۔