صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی چیئرمین ایچ ای سی سے ملاقات کی

پیر 14 جولائی 2025 20:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء)بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین اور یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی اور یونیورسٹی کی بابت اہم امور اور مستقبل کے وژن پر تبادلہ خیال کیا۔دوران ملاقات تعلیمی معیار کی بہتری و فروغ سمیت میرٹ کو برقرار رکھنے اور یونیورسٹی کے اسلامی تشخص و ادارہ جاتی سالمیت کو اجاگر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورانِ ملاقات اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سلیکشن بورڈ اور ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کے آئندہ اجلاسوں کو اولین ترجیحات میں رکھا جاے گا اور اس عزم کو دوہرایا گیا کہ اس ضمن میں شفافیت کو یقینی بنایا جایگا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے یونیورسٹی کی ترقی کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس میں انتظامی نظام کی ڈیجیٹائزیشن، طلباء کی تربیت پر مرکوز سرگرمیوں کے فروغ، اور فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگراموں کو مضبوط بنانے کی کوششیں شامل ہیں۔

چئیر مین ایچ ای سی و صدر جامعہ نے اسلامی تعلیم اور عصری اسکالرشپس کے ایک مرکز کے طور پر یونیورسٹی کے منفرد کردار کے تحفظ اور فروغ کی اہمیت کا بھی اعادہ کیا- اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ نئی قیادت کو شفاف، اصول پر مبنی اور منصفانہ فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔ پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے یونیورسٹی کے تحقیقی کلچر کو فروغ دینے سمیت علمی تحقیقات کے لیے سازگار ماحول کو پروان چڑھانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیمپس کے بنیادی ڈھانچے اور طلباء کی سہولیات کو بہتر بنانے پر بھی فوری توجہ دی جائے گی، انہوں نے کہا کہ تعلیمی سفر کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ طلبا کو پر امن اور تندرست و معاون ماحول فراہم کیا جاے۔صدر اور ریکٹر دونوں نے یونیورسٹی کی مالی استحکام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے آمدنی کے نئے راستے کھولنے، اس ضمن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی اور یونیورسٹی کے طویل مدتی ادارہ جاتی استحکام اور خود مختاری کو مضبوط کرنے کے لیے سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ جامعہ میں ادارہ جاتی اصلاحات کے سلسلے میں جامعہ اور ایچ ای سی کے مابین تبادلہ خیال و دو طرفہ تعاون جاری رہے گا۔چیئرمین ایچ ای سی نے یونیورسٹی کے صدر کے طلبہ کو ترجیحی اہمیت دینے کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے طلبہ اور انتظامیہ کے درمیان خلیج کو کم کرنے کے لیے پہلے دن سے ہی خلوص نیت سے کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کا ایک فعال اور اصلاحات پر مبنی قیادت کا انداز نہ صرف تعلیمی بحالی بلکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلیمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں بھی معنی خیز کردار ادا کرے گا۔انہوں نے یونیورسٹی کی بہتری کے لیے اصلاحات بابت ایچ ای سی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، انہوں نے خاص طور پر کوالٹی ایشورنس، نصاب کی ترقی، اور میرٹ کی بنیاد پر فیکلٹی پروموشنز جیسے شعبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے مسلسل رہنمائی اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوے معیاری تعلیم، ادارہ جاتی شفافیت، اور کیمپس کے بہترین ماحول کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو بھی دوہرایا۔