26 نومبر احتجاج کیس سے متعلق مقدمات کی سماعت کل ہوگی

پیر 14 جولائی 2025 21:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) 26 نومبر احتجاج کیس سے متعلق مقدمات کی سماعت کل ( منگل )کے روزانسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد میں ہوگی عدالت پہلے ہی پی ٹی آئی کے 2 غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرچکی ہے ،انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کے خلاف درج مقدمات کی سماعت جج طاہر عباس سپرا کریں گے۔

(جاری ہے)

عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی تھی ، اس سماعت میں ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔عدالت نے غیر حاضری پر دو ملزمان کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیئے تھے ، عدالت میں وکلا مرتضیٰ حسین طوری، سردار مصروف، آمنہ علی، زاہد بشیر ڈار سمیت دیگر نے پیش ہو کر دلائل دیئے تھے۔واضح رہے کہ اس مقدمے میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی سمیت پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کو بھی نامزد کیا گیا ہے تاہم عدالت میں تاحال صرف کارکنان کی حد تک چالان پیش کیا گیا ہے، مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے۔