Live Updates

پنجاب میں طو فانی بارشیں ، مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق، 36 زخمی

پیر 14 جولائی 2025 22:39

لاہور/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش اور تیز آندھی نے مختلف علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق، بارش سے جڑے حادثات میں مکانات کی چھتیں گرنے، بجلی گرنے اور سڑکوں پر پھسلن کے واقعات شامل ہیں۔

راولپنڈی میں موٹروے ایم 2 پر چکر انٹرچینج کے قریب ایک مسافر بس پھسلن کے باعث الٹ گئی، جس میں 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

جاں بحق افراد میں 50 سالہ ثمینہ اور تین نامعلوم افراد شامل ہیں، جبکہ زخمیوں کو DHQ چکوال، راولپنڈی اور پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا۔ اسی طرح اوکاڑہ، مظفر گڑھ، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال اور کوٹ ادو سے بھی مکانات، چھتوں اور جھونپڑیوں کے گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں بچے، خواتین اور مزدور زخمی ہوئے۔ اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے دو نوجوان بھی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق شدید زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات