سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری فنانس چوہدری ارشد ڈھلوں کی ملاقات

پیر 14 جولائی 2025 23:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) سابق صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر سے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے مرکزی سیکرٹری فنانس چوہدری ارشد ڈھلوں نے ملاقات کی جس میں سرکاری ملازمین کے علاج معالجے سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران ایپکا کے مرکزی فنانس سیکرٹری چوہدری ارشد ڈھلوں اور سٹی لیب کے مارکیٹنگ منیجر محمد اشرف کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس یادداشت کے تحت راولپنڈی و اسلام آباد میں واقع سٹی لیب کی 28 برانچز پر ایپکا سے وابستہ سرکاری ملازمین کو مختلف ٹیسٹس اور تشخیصی سہولیات پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے اور سٹی لیب کا ادارہ اس نیک مقصد میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہمارا عزم ہے اور علاج معالجے کے اخراجات میں کمی لا کر ہم ان کی مدد کر سکتے ہیں۔ یہ معاہدہ سرکاری ملازمین کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے جس سے ان کے علاج معالجے کے مسائل میں خاطر خواہ کمی متوقع ہے۔