ایبٹ اباد،بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال میں اپنی نوعیت کے پہلے برین ٹیومر کا کامیاب آپریشن

پیر 14 جولائی 2025 20:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں اپنی نوعیت کے پہلے برین ٹیومر کا کامیاب آپریشن کیاگیاہے۔ بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال کے نوجوان گولڈ میڈلسٹ ڈاکٹر شاہ خالد نے جدید مشین ،انستھیزیا کی خاص مہارت کے ذریعے 3 گھنٹے میں آپریشن مکمل کیا۔33سالہ مانسہرہ کے رہائشی فیصل کے دماغ میں رسولی تھی۔

جدید تشخیصی طریقہ کار کے تحت اس کے ٹیسٹ کیےگئے۔ اس کا آپریشن تجویز کیاگیا تاہم پورے صوبہ میں اس قسم کی مشین موجود نہیں تھی جس سےآپریشن ممکن بنایا جائے ۔ ڈاکٹر شاہ خالد جو کہ آغاخان ہسپتال کراچی سے تربیت یافتہ ہیں ،انہوں نے لاہور سے نیورو نیگوبزیشن مشین منگوا کر ناممکن کو ممکن بنا دیا۔ 3 گھنٹے کے کامیاب آپریشن کے بعد 95 فیصد رسولی نکال دی ہے جو کہ 5 فیصد ریڈی ایشن کے ذریعے ختم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہ خالد نے اس حوالہ سے اے پی پی کو بتایا کہ یہ آپریشن ان کے لئے چیلنج تھا،اس میں ذراسی بھی کوتاہی سے مریض زندگی بھر کے لئے اپائج ہو سکتاتھا،مریض کوبےہوشی بھی صرف دماغ کو دینا تھا باقی مریض کو ہوش میں رکھنا تھا اور یہ مشکل کام تھا لیکن یہ مہارت انہوں نے سیکھ رکھی تھی جس کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم کامیاب ہوئے اب مریض روبہ صحت ہو رہا ہے ۔ ان کا کہنا تھا بے نظیر شہید ٹیچنگ ہسپتال میں نیورو یونٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے جس میں نیورو سے متعلق تمام امراض کا علاج ممکن ہے۔