ایف آئی اے اینٹی کرپشن کی کارروائی، پی اے آرسی چیئرمین اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ کا جسمانی ریمانڈ منظور

پیر 14 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کیس میں چیئرمین پی اے آرسی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ کا 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ پیر کو ایف آئی اے نے پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کے چیئرمین صدارتی ایوارڈ یافتہ سائنسدان ڈاکٹر غلام محمد علی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق احمد کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ڈاکٹر غلام علی کو جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کیا ۔

پراسیکیوٹر نے کہا کہ چیئرمین پی اے آر سی کو غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ایف آئی اے نے اس معاملہ میں ملوث ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کو بھی گرفتار کیا ہے، چیئرمین پی اے آر سی نے 164 منظور شدہ آسامیوں پر 332 افراد غیر قانونی طریقہ سے بھرتی کیے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالت کو پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے اس معاملے پر ابھی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی سمیت 19 افسروں کے خلاف ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر رکھا ہے، غیر قانونی بھرتیوں کے لیے مبینہ رشوت لینے کے الزامات بھی ہیں۔ایف آئی اے کی جانب سے ملزمان کے 7 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ۔چیئرمین پی اے آرسی نے مؤقف اپنایا کہ تمام آسامیوں کا اشتہار دیا گیا تھا، تمام بھرتیوں کی سلیکشن کیلئے کمیٹیاں بنائی گئی تھیں، اس پر جج احمد شہزاد گوندل نے کہا کہ ابھی اس معاملے پر تحقیقات ہونی ہیں، چیزیں سامنے آئیں گی۔بعد ازاں عدالت نے ملزمان کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔