پاکستان کی کرپٹو حکمت عملی نے عالمی مالیاتی منظر نامے میں اہم مقام حاصل کرلیا

کرپٹو پالیسی کے ذریعے امریکہ کیساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات میں مزید بہتری آئی، رپورٹ

پیر 14 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2025ء)کرپٹو کو سٹریٹجک ہتھیار کے طور پر استعمال کر کے عالمی سطح پر پاکستان کو معاشی پذیرائی حاصل ہونے لگی، امریکا کیساتھ بھی پاکستان کے معاشی تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔رپورٹ کے مطابق صدر مملکت نے 9 جولائی کو آرڈیننس کے ذریعے پاکستان ورچوئل اثاثہ نگراں ادارہ (ریگولیٹری اتھارٹی) قائم کیا۔

رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان نے چند مہینوں میں پاکستان ورچوئل ایسیٹ ریگولیٹری اتھارٹی قائم کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔بائنانس کے بانی چانگ پینگ ڑاؤ جیسے عالمی کھلاڑیوں کو پاکستان نے اپنے منصوبے کا حصہ بنایا۔ بائنانس کے بانی کا پاکستان کے ساتھ اشتراک سفارتی اور معاشی کامیابی ثابت ہوا۔دوسری جانب مودی کی نااہل اقتصادی پالیسیاں نہ صرف کرپٹو بلکہ دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بھی رکاوٹ بن چکی ہیں،بھارت میں کرپٹو کرنسی کے حوالے سے واضح قوانین کی کمی اور سرمایہ کاروں میں غیر یقینی کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ متعدد بار کرپٹو کرنسی پر حکومتی پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کر چکا ہے لیکن سپریم کورٹ کے بار بار اصرار پر بھی بھارتی حکومتی خاموش ہے۔ رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کی ناقص ٹیکس پالیسیوں نے کرپٹو کے شعبے کو بوجھ بنا دیا اور مودی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث سیکڑوں اسٹارٹ اًپس مایوس ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان اب بٹ کوائن مائننگ کا منصوبہ بنا رہا ہے، پاکستان کرپٹو ریزرو بنا کر مستقبل کی معیشت کی تیاری کر رہا ہے ،بھارت کے برعکس پاکستان کی معیشت کرپٹو کے ذریعے عالمی سطح پر ایک مضبوط آواز ثابت ہوگی۔