عمر عبداللہ کو اسی آمریت اور بے بسی کامزہ چکھنا پڑا جس کا عام کشمیری روزانہ نشانہ بنتے ہیں، میر واعظ عمرفاروق

پیر 14 جولائی 2025 22:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی وجہ سے کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اورمسائل کو اجاگر کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ''طاقت کم اور بے بسی زیادہ سکھاتی ہے''۔

انہوں نے کہاکہ آج وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو اسی آمریت اور بے بسی کامزہ چکھنا پڑا جس کا عام کشمیری روزانہ نشانہ بنتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمر عبداللہ کو مزار شہداء نقشبند صاحب کے دورے سے روکنے کیلئے بھارتی پولیس کی بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ امید ہے کہ اس تلخ تجربے کے بعد وزیراعلیٰ ہر کشمیری کے عزت و وقار کے تحفظ پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے اورکشمیریوں کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے کام کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل عمر عبداللہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں بھارتی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو انہیں مزار شہدا کی طرف جانے سے روکتے ہوئے دکھایاگیاتھا۔ میر واعظ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہونے کے باوجود عمر عبداللہ کو 13جولائی 1931کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مزار شہداء جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور وہ اگلے دن پابندیوں کو توڑتے ہوئے مزار شہداء گئے ۔