بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑکا فیڈریشن آف چیمبرز کا دورہ

پیر 14 جولائی 2025 23:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) بلوچستان سرمایہ کاری بورڈکے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑنے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے کیپیٹل ہائوس کا دورہ کیا، انہوں نے بطورمہمانِ خصوصی ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اور نجی شعبے کے رہنماوئں سے ملاقات کی۔ملاقات میں بلوچستان کے خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) خصوصاًبوستان اورحب کے زونز کو ترقی دینے اور ان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلال خان کاکڑ نے اپنے خطاب میں کہاکہ بلوچستان خطے کی تجارت کا دروازہ ہے، ہمارے اقتصادی زونز خاص طور پر بوستان اور حب، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے دور کا آغاز کر سکتے ہیں،بلوچستان میں قدرتی وسائل، نوجوان افرادی قوت اور منفرد جغرافیائی رسائی موجود ہے،یہ تمام عوامل سرمایہ کاری کے لیے ایک مثالی ماحول فراہم کرتے ہیں،ہم صرف انفراسٹرکچر پر نہیں بلکہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور کاروباری مواقع فراہم کرنے پر بھی بھرپور توجہ دے رہے ہیں جو سرمایہ کار آج بلوچستان میں آئیں گے وہ ایک خوشحال اور پائیدار اقتصادی مستقبل کے معمار بنیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے بلوچستان میں صنعتی ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کو سرمایہ کاروں کے لیے مراعات، تحفظ اور خصوصی اقتصادی زونز کوجلد عملی صورت دینے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے بلوچستان سمٹ2025میں بھرپور شرکت کا اعلان بھی کیا۔