شمالی امریکی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 11 ماہ کے دوران 10.19 فیصد اضافہ

منگل 15 جولائی 2025 13:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) پاکستان سے شمالی امریکی ممالک کو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران کی جانے والی برآمدات میں 10.19 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں جولائی 2024 تا مئی 2025 کے دوران برآمدات کا حجم 5.91 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ جولائی 2023 تا مئی 2024 کے دوران شمالی امریکی ممالک کو کی جانے والی برآمدات سے 5.363 ارب ڈالر زر مبادلہ حاصل ہوا تھا۔

اس طرح مالی سال 24-2023 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 25-2024 کے پہلے 11 مہینوں میں شمالی امریکا کو کی جانے والی برآمدات میں 0.547 ارب روپے یعنی 10.19 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران سب سے زیادہ برآمدات امریکا کو کی گئیں جو شمالی امریکا کو کی جانے والی مجموعی برآمدات کا 94 فیصد ہیں ۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں شمالی امریکی ممالک کو کی جانے والی قومی برآمدات میں 11.06 فیصد کا اضافہ ہوا اور برآمدات کا حجم 5.552 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ مالی سال 24-2023 کے اسی عرصہ میں برآمدات کی مالیت 4.999 ارب روپے رہی تھی۔

ایس بی پی کے مطابق کینیڈا کو کی جانے والی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں 1.68 فیصد کمی ہوئی ہے اور برآمدات کی مالیت 363.34 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 357.23 ملین ڈالر تک کم ہوگئی۔ دوسری جانب گزشتہ مالی سال کے دوران شمالی امریکا سے کی جانے والی درآمدات میں 25.8 فیصد کا اضافہ ہوا اور درآمدات کی مالیت 1.887 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.374 ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں امریکا سے کی جانے والی درآمدات میں 23.82 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور درآمدات کی مالیت1.739ارب ڈالر کے مقابلہ میں 2.153 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ مزید برآں لاطینی امریکا کو کی جانے والی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 23.82 فیصد شرح نمو ریکارڈ کی گئی اور برآمدات کی مالیت 71.17 ملین ڈالر رہی ہے جبکہ مالی سال 24-2023 کے پہلے گیارہ ماہ میں لاطینی امریکا کو کی گئی برآمدات سے 57.47 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔\395