ہنرتقدیر بدل دیتا،تعلیم کے ساتھ ہنر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘ مریم نواز

دور حاضر میں ہنر ہی ترقی کی کلید ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدام کر رہی ہے،عالمی دن پر پیغام

منگل 15 جولائی 2025 13:42

ہنرتقدیر بدل دیتا،تعلیم کے ساتھ ہنر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے‘ مریم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم کے ساتھ ہنر وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ہنر وہ طاقت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتا ہے۔نوجوانوں کی سکلز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ زمانہ بدل چکا ہے آج کی دنیا تعلیم کے ساتھ ہنر کی بھی طالب ہے، صرف ڈگری نہیں، ہنر وہ طاقت ہے جو قوموں کی تقدیر بدل دیتا ہے، مہارت صرف روزگار کا ذریعہ نہیں بلکہ خود اعتمادی اور قومی ترقی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں ہنر ہی ترقی کی کلید ہے، پنجاب حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدام کر رہی ہے، پنجاب کے سکولوں میں ایڈ ٹیک، میٹرک کا پراجیکٹ شروع ہو چکا ہے، زراعت، ماحولیات سمیت ہر سرکاری محکمے میں انٹرن شپس کا آغاز کیا ہے،نوجوانوں کو آئی ٹی سکلز فراہم کی جا رہی ہیں جو اس وقت سب سے بڑا ٹول ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی نوجوانوں کی سکلز کو پلیٹ فارم اور تقویت دے گا، پنجاب میں فری لانسرز کے لئے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن پروگرام شروع کیا، ?ٹیوٹا پنجاب کے نوجوانوں کو جدید دور کی ضرورتوں کے مطابق تربیت دے رہا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ میرا عزم ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں کوئی نہ کوئی ہنر ہو، مہارت روزگار کا راستہ ہی نہیں، بلکہ عزت اور ترقی کی ضمانت ہے، میرا خواب ہے کہ پنجاب کا نوجوان نوکری کا طلب گار نہیں بلکہ روزگار دینے کے قابل ہو، میرا مشن ہے کہ ہمارے نوجوان فری لانسنگ سے لے کر انٹر پرینیور شپ تک ہر میدان میں کامیاب ہوں۔