وزارت داخلہ کا 20 نئے ریوو ڈالے خریدنے کا فیصلہ

کاروں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران کو آپریشنز میں دشواری کا سامنا تھا؛ حکام کا مؤقف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 ستمبر 2025 14:19

وزارت داخلہ کا 20 نئے ریوو ڈالے خریدنے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2025ء ) وزارت داخلہ نے 20 نئے ریوو ڈالے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد مین پولیس اور انتظامی افسران کیلئے 20 نئے ریوو ڈالے خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں سے 10 ریوو ڈالے اسلام آباد پولیس اور 10 ہی انتظامی افسران کو دیئے جائیں گے، اسلام آباد کے تمام 8 اسسٹنٹ کمشنرز کو یہ ریوو ڈالے فراہم کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ آپریشن ڈویژن میں تعینات ایس پیز کو بھی نئی گاڑیاں ملیں گی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ایس ایس پی آپریشنز بھی ریوو ڈالے استعمال کریں گے، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، سکیورٹی اور سی ٹی او کو بھی ریوو ڈالا ملے گا، ایس پی ڈولفن اسلام آباد پولیس ریوو ڈالے استعمال کرے گی جو اکتوبر میں سپرد کیے جائیں گے، اس حوالے سے وزارت داخلہ حکام کا مؤقف ہے کہ ریوو ڈالے لینے کا مقصد افسران کو آپریشنز میں آسانی فراہم کرنا ہے، کاروں میں اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس پیز کو آپریشنز میں دشواری کا سامنا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے رواں برس اپریل میں صوبہ سندھ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز (ڈی سی) کو نئی گاڑیوں کی خریداری کے لیے محکمہ خزانہ نے مجموعی طور پر 52 کڑور 66 لاکھ روپے جاری کیے تھے، سندھ کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو نئی گاڑیوں کے لیے رقم جاری کی گئی، 6 کمشنرز اور 29 ڈپٹی کمشنرز کو نئی گاڑیاں دینے کا فیصلہ ہوا تھا، ضلع کیماڑی اس فہرست میں شامل نہیں تھا۔ معلوم ہوا تھا کہ کمشنرز کو ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی گاڑی دی جائے گی، ڈپٹی کمشنرز کو ایک کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت والی گاڑی ملے گی، محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے گاڑیوں کی رقم کمپنی کو رقم جاری کی گئی، فنڈز کی منظوری کابینہ اجلاس اور آڈٹ کلیئرنس کے بعد دی گئی تھی۔