غزہ سے اپنی افواج کے انخلا کے بارے میں اضافی رعایت پیش کی ہے، اسرائیل

معلومات مذاکرات کے عمل سے واقف اعلی اسرائیلی حکام سے حاصل ہوئی ہیں،عہدیدارکی گفتگو

منگل 15 جولائی 2025 15:00

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)ایک اعلی اسرائیلی عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی سے اپنی افواج کے انخلا کے دائرہ کار کے بارے میںاضافی رعایت" دینے پر اتفاق کیا ہے۔میڈیاوپورٹس کے مطابق یہ قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام مذاکرات کو آگے بڑھانے کی کوشش کے تناظر میں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ معلومات مذاکرات کے عمل سے واقف اعلی اسرائیلی حکام سے حاصل ہوئی ہیں۔

عہدیدار نے وضاحت کی کہ اسرائیلی مذاکراتی ٹیم نے آج نئے نقشے پیش کیے ہیں جو پٹی کے جنوب میں واقع رفح شہر میں اسرائیلی فوجی موجودگی میں مزید کمی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ نئے نقشوں کے مطابق اسرائیلی فوج کی افواج فلاڈیلفی کوریڈور کے شمال میں غزہ کی پٹی اور مصر کی سرحد کے ساتھ دو کلومیٹر سے زیادہ چوڑی ایک تنگ پٹی میں تعینات رہیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے نشاندہی کی کہ اسرائیلی کا ابتدائی موقف فلاڈیلفی کوریڈور کے شمال میں 5 کلومیٹر تک کی فوجی موجودگی پر مشتمل تھا۔

نئے نقشے گزشتہ تجاویز کے مقابلے میں نئی اسرائیلی رعایت کو نمایاں کر رہے ہیں۔ عہدیدار نے کہاکہ ہم ایک معاہدے تک پہنچنے کی طرف سنجیدگی اور اضافی اقدامات اٹھانے کی آمادگی ظاہر کر رہے ہیں۔ اب حماس کی باری ہے کہ وہ لچک دکھائے اور مذاکرات کو سنجیدگی سے لے۔ کوئی بھی پیش رفت اس وقت تک نہیں ہو گی جب تک امریکہ اس سمت میں حقیقی اور مضبوط دبا نہیں ڈالے گا۔