ٹیکس بار کا سیلز ٹیکس ریٹرن ،ایف بی آر کے سسٹم میں آنے والے مسائل پر تشویش کا اظہار

مسائل ،خوف و ہراس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان نظام سے متنفر ہو رہے ہیں‘ زاہد عتیق سینئر نائب صدر

منگل 15 جولائی 2025 15:25

ٹیکس بار کا سیلز ٹیکس ریٹرن ،ایف بی آر کے سسٹم میں آنے والے مسائل پر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن لاہور چیپٹر کے سینئر نائب صدر چودھری زاہد عتیق نے سیلز ٹیکس ریٹرن اور ایف بی آر کے سسٹم میں آنے والے مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرز کے مسائل اور خوف و ہراس کی فضاء جیسے اسباب 1200ارب روپے کے ریو نیو شارٹ فال کی اصل وجہ ہیں۔وہ ٹیکس بارز کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ٹیکس بار لاہور چیپٹر کے دیگر عہدیداران فاروق مجید،عاشق علی رانا، طاہر بشیر مغل،صولت ستار ملک،سید عرفان حیدر شاہ اوردیگر بھی موجود تھے۔چودھری زاہد عتیق نے کہا کہ کبھی سسٹم نہیں کھلتا ،کبھی کیو آر کوڈ ،پاسورڈ اورانوائسز کے مسائل آ جاتے ہیںجس کی وجہ سے ٹیکس دہندگان اس نظام سے متنفر ہو رہے ہیں، دوسری جانب ایف بی آر کو لا محدود اختیار سونپ دئیے گئے ہیں ۔ جب تک اسٹیک ہولڈرز کومشاورت کے عمل میں شامل اور ان کی تجاویز کو اہمیت نہیں دی جائے گی چاہے جتنے مرضی سخت سے سخت قوانین اور شرائط کا نفاذ کر دیں نتائج حاصل نہیں ہوں گے ۔پالیسیاں اورقوانین زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائیں جائیں گے تو ہی کامیابی ملے گی جو حقیقی اور پائیدار ہو گی ۔