یو بی جی اور بی ایم پی کے مابین اتحاد کے بعد اٹھنے والاطوفان تھم نہ سکا

فیڈریشن کے موجودہ صدر نے ایک سال کی مدت بڑھوانے کیلئے کوئی کاریگری کی ہے،انجم نثار

منگل 15 جولائی 2025 16:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی)میں یونائٹیڈ بزنس گروپ( یو بی جی) اوربزنس مین پینل( بی ایم پی) کے درمیان اتحاد کے بعد اٹھنے والاطوفان تاحال تھم نہ سکا ہے اور نہ ہی اس اتحاد کی پیشرفت کے حوالے چہ میگوئیاںختم ہوسکی ہیں۔شطرنج کے گیم میں جس طرح چالیں چلی جاتی ہیں اس طرح کاروباری برادری کی ملک کی سب سے بڑی ایپکس باڈی ایف پی سی سی آئی میں طاقت کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھنے کے لئے چالیں چلی جارہی ہیں۔

فیڈریشن کے عہدیداران کی مدت اور انتخابات میں ایک سال کی توسیع نے یکدم کھیل کو بدل کر رکھ دیا ہے۔بزنس مین پینل پروگریسو(بی ایم پی پی) نے پچھلے دنوں کراچی میں ایک پاور شو کرکے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

وہیں فیڈریشن کے موجودہ صدر نے یو بی جی کے اندر سے مخالفت کے باوجود ایک سال کی توسیع کرانے میں کامیاب ہوگئے ۔ایک سال کی توسیع کے بعد کاروباری برادری ایک دوسرے سے سوال کرتی دکھائی دے رہی ہے کہ کیا ایف پی سی سی آئی کی ایگزیکٹو کمیٹی یونائٹیڈ بزنس گروپ اوربزنس مین پینل کے کے درمیان ہونے والے متوقع اتحاد اوروعدوں پر اعتبار کرسکے گی جبکہ یو بی جی نے تاحال ایک بار بھی اس اتحاد کے حوالے سے کھل کر بات نہیں کی ہے جس میں ففٹی ففٹی اور روٹیشن کا سوال سب سے اہم ہے۔

بی ایم پی پی نے تو کراچی میں اپنی کور کمیٹی کے ذریعے یہ سوال بھی یو بی جی کو بھیجا ہے لیکن تاحال اس پر خاموشی ہے۔اس سلسلے میں آگے کیا ہونے جارہا ہے اس حوالے سے بزنس مین پینل کے چئیرمین میاں انجم نثار نے کراچی کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے کھل کراظہار خیال کیا۔میاں انجم نثار نے کہا ہے کہ فیڈریشن کے الیکشن کی تاریخ میں توسیع ان کے لئے حیران کن تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر کا بھی کہنا یہ ہی تھا کہ فیڈریشن کے الیکشن اس سال ہی ہوجائیں گے۔انجم نثار نے کہا کہ فیڈریشن کے موجودہ صدر نے کہیں ہاتھ پائوں مارے ہیں اور انہوں نے ہی کوئی کاریگری کی ہے۔انہوں نے کہا کہ دو تہائی اکثریت سے فیڈریشن کے صدر کا مواخذہ کیا جاسکتا ہے،اپنی تجارتی سیاست میں پہلی بار اس کی مثال بہاولپور میں دیکھی ہے،میں نہیں چاہتا کہ فیڈریشن کے صدر عاطف اکرام شیخ کے سر پر بھی مواخذہے کی تلوار لٹکی رہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کوشش ہے کہ پیسے کے بجائے کام کرنے والے کو آگے لایا جائے۔

انجم نثارنے کہا کہ فیڈریشن کے الیکشن بہت مہنگے ہوگئے ہیں،اب جس کے پاس 15 سے 20 کروڑ روپے ہوتا ہے وہ ہی امیدوار بن سکتا ہے،موجودہ اتحاد اس لئے کیا جارہا ہے کہ الیکشن کے لئے اچھے اور کام کرنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ امیدوار سامنے لائے جائیں۔ بی ایم پی پی کے کراچی کے پاور شو کے حوالے سے انجم نثار نے کہا کہ بزنس کمیونیٹی تو پوری ایک ہی ہے کسی کے ڈنر میں شرکت کرنے کا مطلب یہ نہیں ہوتا ہے کہ وہ اس کا ووٹر ہے،جب الیکشن آتا ہے تو لوگ امیدوار دیکھ کر ووٹ دیتے ہیں۔

یو بی جی اور بی ایم پی کے درمیان اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں یو بی جی سے چار ،اور بی ایم پی سے دو لوگ شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ملاقات میں لاہور چیمبر کی طرز پر اتحاد کو آگے چلانے پر معاملات طے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر میں معاملات ففٹی ففٹی اورروٹیشن کی بنیاد پر چلایا جاتا ہے اور ایف پی سی سی آئی کیلئے بھی یہ ہی بات ہوئی۔ایک سوال کے جواب پر کہ یو بی جی تو اس اتحاد پر خاموش ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ بات سب بڑوں میں ہورہی ہے اور امید ہے ہرٓ ادمی اپنیبات کا خیال رکھے گا۔