یونیورسٹی آف سرگودھا چین کے صوبہ ہینان میں کیمپس قائم کرے گی، پروفیسرڈاکٹر قیصرعباس

منگل 15 جولائی 2025 16:46

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا چین کے صوبہ ہینان میں کیمپس قائم کرے گی۔ یونیورسٹی آف سرگودھا نے چین کے صوبہ ہینان کی چانگ جیانگ لی اٹانومس کاؤنٹی کی مقامی حکومت کے ساتھ ایک مشترکہ غیر ملکی تعلیمی کیمپس کے قیام کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔اس تاریخی پیش رفت کے ساتھ یونیورسٹی آف سرگودھاچین میں کیمپس قائم کرنے والی پہلی سرکاری پاکستانی یونیورسٹی بن جائے گی جو نہ صرف دو طرفہ علمی روابط بلکہ علاقائی ہم آہنگی اورپاک چین تعاون کے وسیع تر تصور کے تحت ثقافتی سفارت کاری کو بھی فروغ دے گی۔

مذکورہ معاہدے پر دستخط کی تقریب میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس اور چانگ جیانگ لی کے چیف میئر مسٹر لیانگ منگ نےشرکت کی۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے اس منصوبے کو باہمی اشتراک اور بھرپور تعاون کے ساتھ جلد از جلد عملی شکل دینے کےعزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پرمیئر لیانگ منگ نے یونیورسٹی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے اس اقدام کو ایک دور اندیش، تعمیری اور مستقبل بین قدم قرار دیا۔

اُنہوں نے پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں پاکستان اور چین کے درمیان پائیدارعلمی تعلقات کے قیام میں سنگِ میل ثابت ہوں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نےکہاکہ یہ اشتراک محض تعلیمی سرگرمیوں تک محدود نہیں ہوگا بلکہ یہ کیمپس تعلیم وتحقیق،جدت اور بین الثقافتی ہم آہنگی کا مرکز بنے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم اس ادارے کو ایک ایسے علمی مرکز کے طورپردیکھتے ہیں جہاں پاکستان اورچین کی علمی توانائیاں یکجا ہو کر ایسا علم پیدا کریں گی جو دونوں اقوام بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ کا باعث ہو۔ وی سی ڈاکٹر قیصرعباس نے مزید کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا بین الاقوامی سطح پر تعلیمی روابط کو وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے اور یہ منصوبہ اس بات کا عملی مظہر ہے کہ معیاری تعلیم کسی سرحد کی پابند نہیں۔

اُنہوں نے چانگ جیانگ لی حکومت کی فراخدلانہ معاونت اور مہمان نوازی پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں جانب سے اشتراکِ عمل کے ذریعے ایک ایسا مثالی ادارہ قائم ہوگا جو دونوں ممالک کے عوام کی مشترکہ علمی، سماجی اور تہذیبی امنگوں کا ترجمان ہوگا۔اس تقریب میں یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر اعجاز اصغر بھٹی، ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف چائنہ سٹڈی پروفیسر ڈاکٹر طاہر ممتاز اعوان بھی موجود تھے۔