ثناء اللّٰہ مستی خیل نے پارلیمنٹرینز، گریڈ 22 کے افسران کی مراعات و تنخواہوں کی تفصیلات مانگ لیں

منگل 15 جولائی 2025 17:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اجلاس میں رکن ثناء اللّٰہ مستی خیل نے ارکان پارلیمنٹ اور گریڈ 22 کے افسران کی مراعات اور تنخواہوں کی تفصیلات مانگ لیں۔ منگل کو ثناء اللّٰہ مستی خیل نے اجلاس کے دوران کہا کہ جرنیلوں اور سپریم کورٹ کے ججز کو حاصل مراعات اور تنخواہوں کا پیکج بھی بتایا جائے، ہمیشہ کے لیے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پی اے سی اور دیگر ارکان ان کا مطالبہ سن کر مسکرا دیے۔ثناء اللّٰہ مستی خیل نے کہا کہ چیئرمین صاحب آپ ڈائریکشن دیں، کیا آپ بھی ڈرتے ہیں اس سے پتہ چل جائے گا کہ سیاستدان یا دوسرے کتنے کرپٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ یہ مطالبہ کرنے پر کوئی بھی نتیجہ بھگتنے کو تیار ہیں۔چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ انہوں نے توشہ خانہ کا ریکارڈ منگوایا تھا لیکن صرف ارکان پارلیمنٹ کا مہیا کیا گیا، دوسروں کے بارے میں کہا گیا کہ وہ تحفے سیدھے گھروں کو لے جاتے ہیں، لہٰذا میں نے اسے بھی پبلک نہیں کیا۔