سابق صدر عارف علوی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر عدالت کا نوٹس

منگل 15 جولائی 2025 23:14

سابق صدر عارف علوی کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر عدالت کا نوٹس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)سیشن کورٹ لاہور میں سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے سائبر کرائم اتھارٹی کو انکوائری کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ایڈیشنل سیشن جج نے شہری شہزادہ عدنان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، جو وکیل مدثر چوہدری کے توسط سے دائر کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے مطابق سابق صدر عارف علوی نے مبینہ طور پر گستاخانہ الفاظ استعمال کیے جن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ ویڈیو بطور ثبوت پولیس کو فراہم کی گئی لیکن تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ہدایت کی کہ درخواست گزار اپنے تمام شواہد اور ویڈیو تفتیشی افسر کو جمع کروائے تاکہ ان کی بنیاد پر انکوائری مکمل کی جا سکے۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ تفتیشی افسر ان ثبوتوں کی روشنی میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کرے۔عدالت نے کیس کی سماعت 11 اگست تک ملتوی کر دی۔