وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے ازبکستان کے سفیر کی ملاقات، ازبکستان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال

منگل 15 جولائی 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) وفاقی وزیر سمندرپار پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ازبکستان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سے جاری پریس کے مطابق ازبکستان کے سفیر علی شیر تختائیف نے کہا کہ ازبکستان اور پاکستان کے درمیان تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں،ازبکستان اور پاکستان کے مابین انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکل ، زراعت، لیبر کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، مشترکہ تعاون سے خطے میں معاشی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور دونوں ممالک کی عوام کے لئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان نے لیبر کی فراہمی سے متعلق جنوبی کوریا اور جاپان کے ساتھ پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس کے نتائج بہت اچھے ہیں،اسی طرح اب ازبکستان کے ساتھ پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی کے حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کے خواہاں ہیں، ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد پاکستانی روزگار کیلئےبیرون ممالک میں مقیم ہیں، پاکستان اس وقت ترسیلات زر کے حوالے سے دنیا میں پہلے 10 ممالک میں شامل ہے ،مالی سال 2025 کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ38.8 ارب ڈالر ترسیلات زر پاکستان بھجوائیں، اگلے 2 سے 3 سال میں ترسیلات زر کو 50 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف ہے۔

ملاقات میں پاکستانیوں کو ازبکستان میں روزگار کے مواقع کی فراہمی کیلئےمشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔