سعودی عرب کی شام کی خودمختاری اور اتحاد کی حمایت ، اسرائیلی حملوں کی مذمت

بدھ 16 جولائی 2025 08:20

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سعودی عرب نے شام کی خود مختاری اور اتحاد کی بھر پور حمایت کرتے ہوئےشام کے علاقے پر اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی ہے۔ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب شام کی حالیہ صورتحال کوتشویش کے ساتھ دیکھ رہا ہے۔بیان میں سکیورٹی اور استحکام کے حصول، شہری امن برقرار رکھنے اور تمام شامی علاقے پر خودمختاری کے لیے دمشق حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب نے شام پر جاری اسرائیلی حملوں، داخلی امور میں مداخلت، سلامتی اور استحکام کو سبوتاژ کیے جانے کو بین الاقوامی قوانین اور1974 کے شام اسرائیل معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا۔سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ اس نازک مرحلے میں شام کی سپورٹ کرے، جاری حملوں اور خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیا جائے۔یاد رہے کہ اسرائیل نےجنوبی شام کے علاقے السویدا میں حکومتی فورسز کو نشانہ بناتے ہوئے نئے حملے کیے ہیں۔شامی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ السویدا میں سکیورٹی فورسز صرف امن و امان قائم کرنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے داخل ہوئی ہیں۔یاد رہے السویدا شہر جس کی اکثریتی آبادی دروز کمیونٹی پر مشتمل ہے جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔