دوحا ، غزہ جنگ بندی مذاکرات کی کامیابی کے لیے ثالثوں نے کوششیں تیز کر دیں

ہم نہیں کہہ سکتے کہ کب ایک معاہدہ ممکن ہو جائے اور کب جاری مذاکراتی عمل رک جائے،ترجمان وزارت خارجہ

بدھ 16 جولائی 2025 11:00

دوحا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)ایک ہفتے سے زیادہ دنوں سے جاری دوحا مذاکرات کے باوجود عملا مذاکرات کا ابھی پہلا مرحلہ ہی جاری ہے۔ اس امر کا اظہار قطر کی طرف سے کیا گیا ۔قطر اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات میں ایک کلیدی ثالث کے طور پر موجود ہے۔ جو شروع سے ہی فریقین کے درمیان جنگ بندی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

قطر کے وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کی طرف سے بتایا گیا کہ مذاکراتی عمل معاہدے کے فریم ورک کے لیے جاری ہیں۔ اسرائیل اور حماس دونوں کے وفود دوحا میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ ثالث ملکوں نے معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز تر کر رکھی ہیں۔تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی یہ مذاکراتی عمل اپنے پہلے مرحلے میں ہے۔ خصوصا مذاکرات کو کسی نتیجے تک پہنچانے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ان شا اللہ مذاکرات کا اگلا مرحلہ بھی شروع ہوگا۔ان کوششوں کے باوجود بے یقینی کی فضا موجود ہے جس کی وجہ سے اختتام ہفتہ کے موقع پر ایک ڈیڈ لاک کی کیفیت تھی۔ کیونکہ دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر مذاکرات کو ناکام بنانے کا الزام لگایا جا رہا تھا۔ماجد الانصاری نے کہا ہم نہیں کہہ سکتے کہ کب ایک معاہدہ ممکن ہو جائے اور کب جاری مذاکراتی عمل رک جائے۔