غیرترجیحی ٹریڈ کیلئے الیکٹرانک سرٹفیکیٹ آف اوریجن کا اجراء مثبت قدم ہے، شاہد ممتاز باجوہ

بدھ 16 جولائی 2025 13:39

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے نائب صدر شاہدممتاز باجوہ نے کہا ہے کہ غیرترجیحی ٹریڈ کیلئے الیکٹرانک سرٹفیکیٹ آف اوریجن کا اجراء مثبت قدم ہے جس سے برآمدکنندگان کے وقت اور پیسے کی بچت ہو گی۔ وہ آج پاکستان سنگل ونڈو کے زیر اہتمام الیکٹرانک سی او کے بارے میں ایک تربیتی سیشن سے خطاب کر رہے تھے جس میں غیر ترجیحی ٹریڈکیلئے الیکٹرانک سی او جاری کرنے کیلئے نئے ماڈیول بارے آگاہی دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کی بڑی تعداد برآمدات کے کاروبار سے منسلک ہے۔ جنہیں ہرکنسائنمنٹ کیلئے سی او حاصل کرنے کیلئے چیمبر آنے کی ضرورت پڑتی تھی۔ تاہم اس نئے نظام کے تحت وہ اپنے دفتر سے بیٹھ کرالیکٹرانک سی او حاصل کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے برآمد کنندگان کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اس نئے ماڈیول کو پوری طرح سمجھیں اور اس حوالے سے اپنے خدشات اور ابہام دور کرنے کیلئے سوال کریں تاکہ وہ اس نئے نظام سے پوری طرح فائدہ اٹھا سکیں۔

انہوں نے اس تربیتی نشسٹ کا اہتمام کرنے کیلئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور پاکستان سنگل ونڈو کمپنی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے ملک کی مجموعی برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔اس سے قبل پاکستان سنگل ونڈو کے ڈومین آفیسر حافظ محمد احمد نے بتایا کہ غیر ترجیحی ٹریڈ کیلئے الیکٹرانک سرٹیفکیٹ آف اوریجن جاری کرنے کا سلسلہ 17جولائی2025 سے شروع کیا جائے گاجبکہ اس حوالے سے ایک ماہ کا گریس پیریڈ بھی دیا جائے گا تاکہ برآمد کنندگان اور چیمبر اس نئے نظام کو پوری طرح سمجھ اور عملی طور پر اپنا سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے امپورٹ، ایکسپورٹ کی 70فیصد ٹریڈ الیکڑانک سسٹم پر منتقل ہو چکی ہے، جبکہ الیکٹرانک سی اوکے ماڈیول سے برآمد کنندگان کو مزید آسانیاں مہیاکی جا سکیں گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس نئے نظام سے چیمبر کا کردار ختم نہیں ہوگا کیونکہ ہر سی او کو چیمبر کا با اختیار افیسر ہی منظور کرے گا جبکہ سی او کے اجراء کیلئے چیمبر کی فیس چیمبر کے اکاؤنٹ میں چلی جائے گی۔

تاہم برآمد کنندگان کو پاکستان سنگل ونڈوکو بطور فیس ایک سو روپیہ اضافی ادا کرنا ہوگا۔ اسلام آباد سے پاکستان سنگل ونڈو کے محمد نعمان اور کراچی سے محمد فیصل نے شرکاء کے مختلف سوالات کی وضاحت کی اورشرکاء کے سوالوں کے جواب دیئے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر مرزا محمد اشرف مغل کے علاوہ میاں محمد طیب، رانا محمد سعید، قیصر باجوہ اور فیصل آباد چیمبر کا متعلقہ سٹاف بھی موجود تھا۔