پاکستان اور چین میں میڈیا شراکت داری کا نیا باب، اہم معاہدہ طے پا گیا

سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اورچین کے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویڑن ایڈمنسٹریشن کے رکن اور وائس منسٹر ڈونگ شن نے دستخط کیے

بدھ 16 جولائی 2025 14:54

پاکستان اور چین میں میڈیا شراکت داری کا نیا باب، اہم معاہدہ طے پا گیا
تیانجن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)پاکستان اور چین نے سمعی و بصری اور نشریاتی شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے کے لیے ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد میڈیا کے میدان میں مہارتوں کا تبادلہ اور اشتراک کو بڑھانا ہے۔معاہدے کے موقع پر پاکستان کی نمائندگی وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات عنبرین جان نے کی جب کہ چین کی طرف سے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی ویڑن ایڈمنسٹریشن (این آر ٹی ای) کے پارٹی گروپ کے رکن اور وائس منسٹر ڈونگ شن نے دستخط کیے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روایتی میڈیا تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا بلکہ جدید نشریاتی تقاضوں سے ہم آہنگ سمعی و بصری میدان میں بھی تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔

(جاری ہے)

معاہدے کے تحت پاکستان اور چین کے میڈیا ادارے مشترکہ منصوبے شروع کر سکیں گے، ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکیں گے اور معلومات و مواد کا تبادلہ کیا جا سکے گا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ نشریاتی شعبے میں تربیت، تکنیکی معاونت اور مشترکہ پروڈکشن کے امکانات کو فروغ دیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور ترقیاتی پیش رفت سے واقف ہو سکیں۔اس اشتراک سے جہاں پیشہ ورانہ مہارت میں بہتری آئے گی، وہیں میڈیا کے ذریعے باہمی تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔یہ معاہدہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستان اور چین نہ صرف اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ میڈیا اور ثقافتی تبادلوں کو بھی تعلقات کے اہم ستون کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔ یہ قدم دونوں ممالک کے درمیان سافٹ امیج اور عوامی سطح پر ہم آہنگی کو بڑھانے میں سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔