پنجاب بھر میں 20 غیر زگ زیگ اینٹوں کے بھٹے مسمار ، 36 بھٹوں کو سیل کیا گیا‘مریم اورنگزیب

بدھ 16 جولائی 2025 15:23

پنجاب بھر میں 20 غیر زگ زیگ اینٹوں کے بھٹے مسمار ، 36 بھٹوں کو سیل کیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صاف اور شفاف ماحولیاتی نظام کے قیام کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ای پی اے پنجاب نے اسموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کیلئے 7 تا 11 جولائی 2025 کے دوران سخت کارروائیاں کیں۔ اس دوران صوبہ بھر میں 20 غیر زگ زیگ اینٹوں کے بھٹے مسمار کیے گئے، 36 بھٹوں کو سیل کیا گیا، 40 مقدمات درج کیے گئے اور بھٹہ مالکان پر 15 لاکھ 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

صنعتی آلودگی کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس دوران 787 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا جن میں سے 28 یونٹس کو سیل جبکہ 4 یونٹس کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔پنجاب بھر میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف مہم بھی جاری ہے اور 11 جولائی 2025 تک 3055 شہریوں نے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کا عہد کیا۔

(جاری ہے)

ای پی اے پنجاب نے 7 تا 11 جولائی کے دوران 52 ویسٹ واٹر سیمپلز اور 5 سر فیس واٹر سیمپلز اکٹھے کیے جبکہ 17 اسٹیک ایمیشنز کی مسلسل مانیٹرنگ کی گئی تاکہ فضائی و آبی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

گاڑیوں کے ایگزاسٹ دھوئیں کی جانچ کے عمل کو بھی تیز کیا گیا ہے اور صوبہ بھر میں 5124 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔ قانون شکن گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔شفاف فیول سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے 24 پیٹرول پمپس کا معائنہ کیا گیا اور 45 فیول سیمپلز میں سے 39 کو معیاری جبکہ 6 سیمپلز کو غیر معیاری قرار دے کر رپورٹ مرتب کی گئی۔

سین?ر صوبائی وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ای پی اے کو ہدایت دی ہے کہ فیول سپلائی میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔پانی کے ضیاع کی روک تھام کے لیے 61 سروس اسٹیشنز پر واٹر ریسائیکلنگ سسٹمز نصب کیے گئے ہیں۔ 25 سروس اسٹیشنز سیل کیے گئے جبکہ 29 کو نوٹس جاری کیے گئے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے غیر قانونی بھٹوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے کو گرین اکانومی کی طرف لے جا رہی ہیں اور صنعتی آلودگی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ صاف اور سرسبز پنجاب کے خواب کو عوامی شمولیت سے حقیقت بنایا جائے گا۔ عوام ہر صورت آلودگی کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ مشترکہ کاوشیں ہی ہمیں کلائمٹ چینج کے منفی اثرات سے بچا سکتی ہیں۔