پاکستان بیت المال سکھر کے زیر اہتمام نظام کی بہتری کے حوالے سے سیشن کا انعقاد

بدھ 16 جولائی 2025 17:11

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) پاکستان بیت المال سکھر انتظامیہ کی جانب سے "نظام کی بہتری اور صلاحیتوں کی تعمیر" کے عنوان پر ایک جامع سیشن کا انعقاد ہوا جس میں مقررین نے پاکستان بیت المال کے ویژن اور پالیسیوں پر روشنی ڈالی ۔ سیشن میں پاکستان بیت المال ضلع آفس سکھر کے افسران و عملے کے علاوہ سکھر کے چائلڈ لیبر کے متعلق بحالی کے اسکول، خواتین کی خود مختاری کے مرکز اور پاکستان سویٹ ہوم سکھر کے افسران اور عملے نے بھی شرکت کی۔

سیشن کے ماسٹر ٹرینر اور ڈائریکٹر بیت المال سندھ عبدالحفیظ مہیسر نے پاکستان بیت المال کے ویژن کو اجاگر کیا اور متعارف کرائی گئی پالیسیوں کے متعلق وضاحت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سکھر شبير احمد میمن، مس تنویر، رائمہ گل اور مسرت جبین نے بھی منعقدہ سیشن کو پالیسیوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہی دی۔

(جاری ہے)

سیشن کے مقررین نے بیت المال کی متعارف کردہ پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ کانفلکٹ آف انٹرسٹ، وھسل بلوئنگ اور آرگنائیزیشنل بی ہیویئر کے نام سے پالیسیاں ادارے کے اندر متعارف کرائی گئی ہیں جو مثبت اور شفاف کام کے ماحول کو فروغ دینے میں کارگر ثابت ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ کانفلکٹ آف انٹرسٹ پالیسی کا مقصد وقار، دیانتداری اور شفافیت کو فروغ دینا ہے تاکہ بدعنوانی اور مفادات کے ٹکراؤ کا خاتمہ کیا جا سکے جبکہ وسل بلوئنگ پالیسی عملے کو غیر اخلاقی اعمال کی رپورٹ کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کرتی ہے جس سے ادارے کے اندر احتساب کا نظام مضبوط ہوتا ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ آرگنائیزیشنل بی ہیویئر پالیسی پیشہ ورانہ رویوں کو واضح کرتی ہے اور ادارے کے تمام شعبوں میں عزت، تعاون اور احساس ذمہ داری کو اجاگر کرنے میں سودمند ثابت ہوگی۔