سویدا میں فسادات کے بعد شامی فوج کی واپسی، اسرائیل کی بمباری، ہلاکتیں 100ہوگئیں

بدھ 16 جولائی 2025 19:31

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)شام کے دروز اکثریتی شہر سویدا میں دو روز سے جاری فسادات کے بعد شامی فوج نے دروز رہنماں کی منظوری سے شہر میں پوزیشن سنبھال لی ہے۔شامی وزیر دفاع کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم شہر کے مضافاتی علاقوں میں جھڑپیں بدستور جاری ہیں۔شامی وزارت دفاع اور داخلہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

(جاری ہے)

شہر بھر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور مزید فوجی کمک تعینات کی جا رہی ہے۔شامی سرکاری میڈیا کا دعوی ہے کہ سویدا پر اسرائیلی حملے ہو رہے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم اور وزیر دفاع نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شامی فوج اور اس کے ہتھیاروں کو نشانہ بنانے کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔نسلی فسادات میں اب تک100افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں دو بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے افراد میں اکثریت کا تعلق دروز فرقے سے ہے۔