زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دو روزہ ''ایگررین ماڈل یونائیٹڈ نیشنز '' کانفرنس کا انعقاد کیا گیا

بدھ 16 جولائی 2025 21:13

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں دو روزہ ''ایگررین ماڈل یونائیٹڈ نیشنز '' کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ کانفرنس آفس آف سینئر ٹیوٹر کے زیر اہتمام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی ہدایت پر منعقد کی گئی، جس میں ملک بھر کے 20 سے زائد تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے 80 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔

اس موقع پر سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ سوچ کو ترقی پسند زوایوں پر استوار کریں اور زندگی کے مسائل سے نبردآزما ہونے کے لئے جامع حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ قائدانہ صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ ایک روشن مستقبل کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں مستقبل کے بہترین رہنما اور ذمہ دار عالمی شہری بنانے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے دوران پاکستان کی قومی اسمبلی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرز پر مختلف سیشنز منعقد کیے گئے۔ ان سیشنز میں طلبہ نے منظم مباحثوں، پالیسی سازی، اور اہم قومی و بین الاقوامی امور بالخصوص زرعی مسائل پر سیرحاصل بحث کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد طلبہ میں عملی تجربے اور علمی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا تھا۔۔ایگررین ماڈل یونائیٹڈ نیشنز کانفرنس طلبہ کی جامع تربیت کے عزم کا عملی مظہر ہے۔