ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ‘ بھارت کیخلاف فتح کے باوجود انگلینڈ کے پوائنٹس منہا

بدھ 16 جولائی 2025 22:32

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء)انگلینڈ کو بھارت کے خلاف لارڈز میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میں محض 22 رنز سے حاصل ہونے والی سنسنی خیز فتح کے دوران سست اوور ریٹ کی وجہ سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ پوائنٹس میں کٹوتی کر دی گئی جبکہ 10 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔جرمانے کے باعث انگلینڈ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی ٹیبل پر دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلا گیا۔

(جاری ہے)

بھارت سے تیسرے ٹیسٹ میں فتح کے بعد انگلینڈ کے پوائنٹس 24 ہوگئے تھے تاہم جرمانے کے سبب دو پوائنٹس کی کٹوتی کرکے 22 کر دیے گئے جبکہ 66.67 فیصد پوائنٹس کم ہو کر 61.11 فیصد پر آگئے۔پوائنٹس میں کٹوتی اور 10 فیصد جرمانے کی وجہ سے انگلینڈ دوسری سے تیسری پوزیشن پر چلا گیا۔ پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا پہلے اور سری لنکا دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔ فہرست میں بھارت چوتھے نمبر پر موجود ہے۔انگلینڈ پر مقررہ اوورز مقررہ وقت میں مکمل نہ کرنے پر ان کی میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے اس خلاف ورزی کا اعتراف کر لیا، جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہ آئی۔