وائلڈ لائف رینجرز کا گرینڈ آ پریشن ،ایک سو کے لگ بھگ تحفظ شدہ جنگلی جانور اور پرندے بازیاب،ملزم گرفتار

بدھ 16 جولائی 2025 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سینئر وزیر مریم اورنگ زیب اور سیکرٹری جنگلات ، جنگلی حیات وماہی پروری پنجاب مدثر ریاض ملک کی خصوصی ہدایت پر محکمہ صوبہ میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی قیادت میں جنگلی حیات کی نادرونایاب تحفظ شدہ انواع کی بازیابی کا سلسلہ جاری ہے اور ایسی ہی ایک کامیاب کوشش کے نتیجے میں وائلڈ لائف رینجرز ملتان ریجن نے ایک سو کے لگ بھگ نایاب جنگلی جانور و پرندے بازیاب کر کے ایک ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ، ملزم کو پولیس حراست میں دیکر وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان ریجن عظیم ظفر کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان منور حسین نجمی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر ملتان شہر میں عدالت سے سرچ وارنٹ کے بعد ایک گھر میں چھاپہ مار کر ایک سو کے لگ بھگ غیر قانونی طور پر رکھے تحفظ شدہ جنگلی جانور و پرندے بازیاب کر کے موقع پر سے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا اور فوری طور پر اسے مقامی پولیس کی حراست میں دیکر قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

(جاری ہے)

ضبط کئے گئے جانوروں و پرندوں میں 2 چنکارہ ہرن ،6 بندر،22 کونجیں،11 فلیمنگوز ،8 مگھ،14 مور،8 چکور،2 مرغابی کے بچے،2 گرے پیرٹس ، 2 لاطینو پیرٹس ،2بھورے تیتر اور 21 فینسی پرندے شامل ہیں ۔ اس کامیاب کارروائی پر چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی نے کہا ہے کہ کومبنگ آ پریشن تحفظ شدہ جنگلی جانوروں و پرندوں کی مکمل بازیابی تک جاری رہیگا اور وائلڈ لائف رینجرز قانون شکنوں کیخلاف بلا امتیاز اور بلا خوف و خطر کاروائیاں جاری رکھیں ۔