جنوبی اور شرقی اضلاع میں 44 انتہائی مخدوش عمارتوں کو خالی کراکے سیل کر دیا گیا

کراچی انتظامیہ نے مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کے لئے سروے کا کام شروع کر دیا،سروے میں ملکیت، بلڈر کا نام ،پلاٹ کے مالک کانام اسٹیٹس سمیت تفصیلات جمع کی جارہی ہیں ڈپٹی کمشنر جنوبی کی بریفنگ عمارتیں گرانے کے لئے کمشنر کی منظوری جبکہ تاریخی عمارتوں کو گرانے کے لئے ایڈوائزری کمیٹی کی منظوری درکار ہو گی،کمشنرکراچی کی صدارت میں اجلاس

بدھ 16 جولائی 2025 22:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)کمشنر کراچی سیدحسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میںلیاری میں مخدوش عمارت کے گرنے کے افسوس ناک واقعہ کے بعدمخدوش عمارتوں کو خالی کرانے اور گرانے کے جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع جنوبی اور شرقی میں اب تک 44 مخدوش عمارتوں کو مکینوں کی حفاظت کی خاطر خالی کرالیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرجنوبی جاوید نبی کھوسو نے اجلاس کو بتایا کہ ضلع جنوبی میں 41 عمارتوں کو خالی کرایا گیا ہے جبکہ ان میں دس تاریخی عمارتیں بھی شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ضلع جنوبی میں انتہائی مخدوش قرار دی جانے والی 59 عمارتوں میں شامل ہیں مخدوش عمارتوں کو خالی کرانے کا کام بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی ٹیم کے ساتھ مل کر کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے بتایا کہ ضلع شرقی میں بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی نی9 عمارتیں انتہائی مخدوش قرار دی تھیں جن میں سے تین عمارتیں خالی کرالی گئی ہیں گلستان جوہر میں واقع ایک عمارت مالک نے خود منہدم کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔علاوہ ازیں پی آئی بی کالونی میں واقع عمارت کی پانچویں منزل کو گرایاجا رہا ہے اس عمارت کی صرف پانچویں منزل کو انتہائی مخدوش قرار دیا گیا تھا۔

مجموعی طور پر سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے مخدوش قرار دی جانے والی 588 عمارتوں میں سے 68 عمارتوں کو انتہائی مخدوش قرار دیا گیا ہے پہلے مرحلہ میں ان 68 عمارتوں کو خالی کرایا جائے گا اور منہدم کیا جاے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مخدوش عمارت کو منہدم کرنے کا عمل شروع کرنے کے لئے کمشنر کراچی یا ڈائریکٹر جنرل ایس بی سی اے کی منظوری درکار ہو گی۔

فیصلہ کیا گیا کہ تاریخی عمارتوں کو ایڈوائزری اور ٹیکنکل کمیٹی کی مشاورت منہدم کی جائیں گی کمشنر کراچی نے سروے کے لئے چار افسران کو خصوصی طور پر ڈپٹی کمشنر جنوبی کو اضافی ذمہ داری کے لئے تعینات کیا ہے اجلا س میں ڈپٹی کمشنر جنوبی جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے قائم کی جانے والی جائزہ کمیٹی نے سروے کا کام شروع کر دیا ہے۔

سروے میں بلڈنگز کی ملکیت، بلڈر کا نام ٹوٹل فلیٹس، ٹوٹل شاپس،پلاٹ کے مالک کانام اس کا سی این آی سی نمبر ضروری ہواتو اکاونٹ نمبر اور عمارت کا اسٹیٹس اور دیگر ضروری تفصیلات جمع کی جائیں گی۔اجلاس مین ڈائریکٹر جنرل سندھ بلدنگز کنٹرول اتھارٹی شاہ میر بھٹو، ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ، جنوبی،شرقی وسطی اور غربی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کے سینئر افسران کے ڈی اے جنوبی ٹاون ایڈمنسٹریشن سوئی گیس کمپنی کے افسران اور دیگر نے شرکت کی۔