غزہ میں امداد، ادویات اور قیدیوں کی رہائی یقینی بنائی جائے، پاکستان

خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ،عاصم افتخار

جمعرات 17 جولائی 2025 12:32

غزہ میں امداد، ادویات اور قیدیوں کی رہائی یقینی بنائی جائے، پاکستان
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مشرق وسطی کی صورتحال پر اہم اجلاس ہوا۔پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخارنے سلامتی کونسل اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری غزہ میں جاری انسانی بحران پرفوری اورموثر کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں عام شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں، اس لیے فوری طورپرانسانی امداد کی رسائی ممکن بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ خوراک اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ فلسطینی قیدیوں کی فوری رہائی بھی عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔پاکستانی مندوب نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں انسانی حقوق کی بحالی اور پائیدار امن کے لیے موثر قدم اٹھائے۔