Live Updates

وزیر بلدیات پنجاب کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس، فیز ٹومیں جاری کاموں کا جائزہ لیا

جمعرات 17 جولائی 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام (ایل ڈی پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کے فیز ون پر عملدرآمد اور فیز ٹو میں جاری کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ترجمان محکمہ بلدیات کے مطابق اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران تمام ٹائونز کے اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر رپورٹ پیش کی۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا اور ایم ڈی واسا نے اجلاس کو پروگرام پر اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلی اور سٹیئرنگ کمیٹی کی ہدایات کے مطابق کام جاری ہے اور ٹائم لائن کے مطابق منصوبے مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ہے اور بارش سے پیدا ہونے والے کسی بھی تعطل کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے کنٹریکٹ پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتظامی افسران کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں مویشیوں کی موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے اور ٹف ٹائلز کی بجائے پی سی سی کو ترجیح دی جائے تاکہ پائیدار تعمیرات ممکن بنائی جا سکیں۔

اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی ذیشان ملک نے کہا کہ واسا اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کی سکیموں کو مربوط انداز میں مکمل کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں لیبر کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی منصوبے میں کوئی پیچیدگی درپیش ہو تو فوری طور پر سٹیئرنگ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے کہا کہ فیز ون میں درپیش چیلنجز سے سیکھ کر فیز ٹو کی تکمیل کی جا رہی ہے اور ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں متفقہ طور پر اس بات کا عزم کیا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو مقررہ وقت پر اور معیار کے ساتھ مکمل کر کے عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات