ائیرانڈیا حادثہ‘ طیارے کی تباہی کا ذمہ دار مبینہ طور پر جہاز کا کپتان نکلا

جمعرات 17 جولائی 2025 20:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جولائی2025ء) بھارتی شہر احمد آباد میں ائیر انڈیا کے طیارے کی تباہی کا ذمہ دار مبینہ طور پر جہاز کا کپتان نکلا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں برس جون میں لندن جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ احمد آباد میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 260 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق بلیک باکس کی ریکارڈنگ سے حاصل معلومات کی بنیاد پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ جہاز کے دونوں پائلٹوں کی گفتگو سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ کیپٹن سٴْومیت صبروال نے ان سوئچز کو بند کیا تھا جن کے ذریعے دونوں انجنوں کو ایندھن کی فراہمی ہوتی ہے۔ امریکی میڈیا نے طیارے کی تباہی کے شواہد کی بنیاد پر امریکی حکام کا ابتدائی تجزیہ پیش کیا ہے جس کے مطابق بوئنگ ڈریم لائنر طیارے کے فرسٹ آفیسر کلائیو کندر نے طیارے کے اڑان بھرتے ہی تجربہ کار کیپٹن سے پوچھا تھا کہ آخر اس نے سوئچز کو کٹ آف پوزیشن پر کیوں کردیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی میڈیا کے مطابق فرسٹ آفیسر پہلے حیرت میں ڈوبا اورپھر دہشت ذدہ رہ گیا جبکہ کیپٹن یہ سب کچھ سننے اور دیکھنے کے باوجود پٴْرسکون تھا۔ یہ اس لیے تھا کہ فرسٹ آفیسر کا فلائنگ تجربہ محض 3 ہزار 403 گھنٹے جبکہ کپتان کا فلائنگ تجربہ 15 ہزار 638 گھنٹے تھا اوران میں سے نصف سے زائد بوئنگ طیارے اڑانے کے تھے۔ بھارتی حکام کی جانب سے پچھلے ہفتے ابتدائی رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں کاک پٹ میں دونوں پائلٹوں کے درمیان کنفیوڑن کی بات کی گئی تھی۔

ابتدائی رپورٹ میں کسی پرالزام نہیں دھرا گیا تھا، تاہم اتنا کہا گیا تھا کہ ایک پائلٹ نے پوچھا تھاکہ تم نے سوئچز کوکٹ آف کیوں کیا جس پر دوسرے نے جواب دیا تھا کہ اس نے ایندھن کٹ آف نہیں کیا۔ تاہم تازہ صورتحال پربوئنگ، بھارت کی سول ایوی ایشن اور ائیر انڈیا انتطامیہ کا ردعمل تاحال سامنے نہیں آیا۔