ْخیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 20 جولائی کو طلب، مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان حلف اٹھائیں گے

جمعرات 17 جولائی 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)20 جولائی کو خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس طلب کر لیا گیا، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کردئیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کے لیے بلایا گیا ہے،20 جولائی کی صبح 9 بجے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوگا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔

ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس مخصوص نشستوں پر نامزد ارکان سے حلف لینے کے لیے بلایا گیا ہے۔گورنر سیکریٹریٹ کی جانب سے وزیراعلٰی خیبرپختونخوا کو سپریم کورٹ کے احکام اور الیکشن کمیشن کے خط کی روشنی میں اسمبلی اجلاس بلانے کے لیے سمری بجھوانے کا کہا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 15 جولائی کو الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کر لی تھی۔

فیصلے میں کہا گیا تھا کہ اقلیتی نشست پر (ن) لیگ اور جے یو آئی (ف) میں ٹاس ہوگا، خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 9، جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 9، پیپلزپارٹی کو 5، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز اور عوامی نیشنل پارٹی کو ایک ایک اضافی نشست ملی تھی۔فیصلے کے مطابق مسلم لیگ (ن) لیگ کو خیبر پختوانخوا اسمبلی میں خاتون کی نشست بھی مل گئی، جب کہ خواتین کے لیے مخصوص نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے مابین ٹاس ہوگا۔

واضح رہے کہ 14 جولائی کو الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے کیس پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی، اس دوران 5 سیاسی جماعتوں اور 21 امیدواروں نے مؤقف پیش کیا تھا۔