گورنر سندھ کا سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 17 جولائی 2025 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن طلبہ و طالبات کی زندگی کا یادگار لمحہ ہے، والدین ہمیشہ آپ کے پیچھے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ جامعہ کی تاریخ کا پہلا پی ایچ ڈی ڈگری ایوارڈ ایک سنگِ میل اور عظیم کامیابی ہے،یہ اعزاز کی بات ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم نے اسی درسگاہ سے تعلیم حاصل کی۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ قائداعظم نے ہمیں ایک نظریاتی پاکستان دیا، جس کا خواب علامہ اقبال نے پیش کیاتھا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ایک آئیڈیل پاکستان بنا سکتے ہیں، اس کے لیے احساسِ ذمہ داری ضروری ہے،ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان ہی ہماری پہچان اور ہماری طاقت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معیشت اور استحکام کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میرا تجربہ ہے کہ انسان وہی بن سکتا ہے جیسا وہ بننا چاہے، نوجوان کبھی مایوس نہ ہوں۔