آج بھی یوکرین کی مکمل حمایت پر متفق ہے، برطانیہ

جمعہ 18 جولائی 2025 08:30

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ آج بھی یوکرین کی مکمل حمایت پر متفق ہے۔ العربیہ کے مطابق برطانیہ کے وزیر دفاع جون ہیلی نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کو ساڑھے تین برس گزر چکے ہیں اور برطانوی پارلیمنٹ آج بھی یوکرین کی مکمل حمایت پر متفق ہے، جس پر وہ فخر محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ یہ روسی صدر ولادیمیر پوتین کی مکمل جارحیت کا 1239واں دن ہے۔

یوکرین کے عوام نے ایک دہائی سے زیادہ عرصہ قبل جو امن دیکھا تھا، وہ جنگ نے چھین لیا۔

(جاری ہے)

ان کے گھر تباہ کر دیے گئے، زمینیں چھین لی گئیں، بچوں کو اغوا کیا گیا اور ان کے پیارے قتل کر دیے گئے۔ اس کے باوجود یوکرینی عوام، چاہے عام شہری ہوں یا فوجی، غیر معمولی عزم کے ساتھ مزاحمت کر رہے ہیں۔ جون ہیلی نے بتایا کہ پچھلے ماہ روسی فوجیوں کی ہلاکتوں اور زخمیوں کی مجموعی تعداد 10 لاکھ سے بڑھ چکی ہے، جب کہ صرف رواں سال میں روس کو 2 لاکھ 40 ہزار کے لگ بھگ جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کے مطابق ان بھاری نقصانات کے باوجود روس کی جارحانہ حکمتِ عملی میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے، بلکہ روس یوکرین پر یکطرفہ ڈرون حملوں کی شدت میں اضافہ کر رہا ہے۔