سعودی ولی عہد کا شام میں حالات پر قابو پانے کے لیے الشرع کے اقدامات کا خیر مقدم

شامی صدر نے اپنے ملک اور خطے کے استحکام کی حمایت میں شہزادہ محمد بن سلمان کے کردار کو سراہا

جمعہ 18 جولائی 2025 10:35

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے شام میں حالیہ واقعات پر قابو پانے کے لیے شامی صدر احمد الشرع کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔ انھوں نے مملکت کی جانب سے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ صدر الشرع کی قیادت میں شامی حکومت ملک میں امن و استحکام قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

بن سلمان نے یہ بات شامی صدر احمد الشرع کی جانب سے کیے گئے ٹیلیفونک رابطے کے دوران کی۔اس موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر الشرع کی ان کوششوں کو سراہا جن کے ذریعے شام کو ایک درست راستے پر گامزن رکھنے، ملک کی وحدت و سالمیت برقرار رکھنے، قومی یکجہتی کو فروغ دینے، تمام طبقات کے درمیان اتحاد و یگانگت قائم رکھنے، اور کسی بھی فتنہ انگیز کوشش کو روکنے کی سعی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

شہزادہ محمد بن سلمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ شام کو ہر سطح پر اپنی کاوشیں جاری رکھنی چاہییں تاکہ ترقی و خوشحالی کا وہ خواب پورا ہو سکے جس کی امید شامی عوام رکھتے ہیں۔سعودی ولی عہد نے اس موقف کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب شام کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور ہر اس اقدام کو مسترد کرے گا جو شام کے سماجی و قومی امن کو نقصان پہنچائے۔بن سلمان نے اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت بھی کی اور شام کی سرزمین پر صریح حملوں اور اس کے داخلی امور میں مداخلت کو ناقابل قبول قرار دیا۔

انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان چیلنجوں سے نمٹنے میں شامی حکومت کی مدد کرے اور بیرونی مداخلت کو روکنے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔دوسری جانب شامی صدر احمد الشرع نے شام کے ساتھ سعودی عرب کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے شام اور پورے خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو گراں قدر قرار دیا۔